ایک نیوز نیوز ( ایکسکلیوسو۔۔ سجاد حیدر + صدیق ساجد): سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سبکدوشی اور نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے کمان سنبھالنے کی تقریب کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل سحر شمشاد مرزا ،پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر ،ڈی جی آئی ایس آئی اور اعلیٰ فوجی افسران نے سبکدوش آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو پرتپاک انداز سے جی ایچ کیو سے رخصت کیا ۔
جنرل (ر) باجوہ کی غیررسمی گفتگو:
جنرل (ر) باجوہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا بطور آرمی چیف اپنی 6 سالہ مدت کے دوران ملک و قوم کے لئے جو ہو سکتا تھا وہ کیا اور میں اس سے مطمئن ہوں ۔پھر جنرل (ر) باجوہ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی طرف دیکھتے ہوئے کہا کہ اب کمانڈ ان کے حوالے ہے اور یہ بہترین آفیسر ہیں ۔
میڈیا نئےآرمی چیف کا خیال رکھے: جنرل(ر) قمر جاوید باجوہ
واضح رہے کہ تقریب کے بعد جب جنرل عاصم منیر قمر جاوید باجوہ کو ان کی گاڑی تک چھوڑنے آئے تو وہاں پر موجود چند صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ میڈیا سے بات کرنا چاہیں گے۔ اس کے جواب میں قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میڈیا، اور پھر ذرا سے توقف کے بعد جنرل عاصم منیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بولے کہ ’اب ان کا خیال رکھیں۔‘
جس کے بعد صحافیوں نے جنرل عاصم منیر سے بات کرنے کو کہا لیکن انہوں نے مسکراتے ہوئے ’نو‘ کہہ دیا۔
اس موقع پر جنرل باجوہ اپنے سکیورٹی سٹاف سے بھی ملے اور بعد ازاں انہیں پورے پروٹوکول کے ساتھ جی ایچ کیو سے رخصت کیا گیا ۔
جب آرمی چیف عاصم منیر تقریب کے بعد جنرل باجوہ کو رخصت کر چکے تو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ان کے پاس آئے اور انہیں مبارکباد دی۔
پرویز الہیٰ بجھے بجھے نظر آئے:
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی تبدیلی کمانڈ کی تقریب میں بجھے بجھے نظر آئے۔ پرویز الٰہی خاموشی سے ایک طرف بیٹھے رہے ۔ تقریب میں شریک ن لیگ کے وفاقی وزراءسے علیک سلیک تک بھی نہ ہوئی۔ ،تقریب ختم ہونے کے بعد پرویز الٰہی کسی سے ملے بغیر روانہ ہو گئے ۔
ڈی جی آئی ایس آئی کا خوشگوار موڈ:
ادھر پاک فوج کی تبدیلی کمانڈ کی تقریب میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم خوشگوار موڈ میں نظر آئے۔ انہوں نے تقریب کے بعد صحافیوں کے زیادہ تر سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا ۔ غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے ندیم انجم نے کہا جتنا سچ وہ بول سکتے تھے وہ بول چکے ہیں مزید کچھ نہیں کہیں گے ۔
راحیل شریف توجہ کا مرکز:
راولپنڈی تبدیلی کمانڈ کی تقریب میں سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ رحیل شریف شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔ حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران اور خواتین سمیت دیگر شرکاء نے راحیل شریف کے ساتھ تصاویر بنوائیں ۔سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
بلاول بھٹو کی غیر رسمی گفتگو:
تقریب میں شریک وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے سوال ہوا کہ وہ کمانڈ کی تبدیلی کو کیسے دیکھتے ہیں ۔ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ کمانڈ کی تبدیلی کا عمل موثر انداز میں مکمل ہوا ۔توقع ہے کہ مزید بہتری آئے گی ۔