ایک نیوز نیوز: اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے مقبوضہ مغربی کنارے میں دو الگ الگ واقعات میں 2 بھائیوں سمیت 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق فلسطینی حکام کا کہنا ہے شہید ہونے والے دو بھائیوں کی پہچان جواد اور ظفر رماوی کے ناموں سے ہوئی، جن کی عمریں 21 اور 22 سال تھیں۔ دونوں بھائیوں کو رملہ کے قریب کفرعین گاوں میں اسرائیلی فوجیوں نے گولیاں مار کر شہید کیا۔
فلسطینی حکام کے مطابق دوسرا واقعہ ہیبرون کے قریب پیش آیا، جہاں اسرائیلی فوجیوں نے میوفد خلیل کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ اس واقعے میں 8 افراد زخمی ببھی ہوئے۔
مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔