سمندری طوفان ریمل نے بنگلادیش اور بھارت میں تباہی مچادی، 16 افراد ہلاک
ویب ڈیسک:سمندری طوفان ریمل نے بنگلادیش اور بھارت میں تباہی مچادی، 16 افراد ہلاک جبکہ لاکھوں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلادیش اور بھارت میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش جاری ہے۔ بنگلادیش اور بھارت میں طوفانی ہواؤں کے باعث درخت اور پول اکھڑ گئے۔
طوفانی ہواؤں سے ساحلی علاقوں پر 35 ہزار سے زائد مکانات مکمل تباہ جبکہ ایک لاکھ سے زائد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بنگلہ دیش میں 8 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں ایک لاکھ سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں 2 لاکھ 50 ہزار لوگ بجلی سے محروم ہوگئے ہیں جہاں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
دوسری طرف امریکی ریاست ٹیکساس، اوکلاہوما اور آرکنساس میں ہوا کے بگولوں نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔