ایک نیوز : خیبرپختونخوا حکومت نے صحت پلس کارڈ پروگرام کے لیے اضافی 2ارب روپے مختص کر دیئے۔
ذرائع کے مطابق صحت کارڈ کیلئے فنڈز تین دن کے اندر سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کو منتقل کر دیئے جائیں گے تاکہ انشورنس سکیم کے تحت شہریوں کو ہیلتھ کیئر کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہو سکے۔
رپورٹ کے مطابق سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کی طرف سے فنڈز کی سہ ماہی قسط کی ادائیگی کے لیے 25مئی کی ڈیڈلائن دی گئی تھی، جس کے نتیجے میں صوبائی حکومت کو ہنگامی طور پر 1ارب روپے جاری کرنے پڑے تھے۔ اب مزید 2ارب روپے اضافی جاری کر دیئے گئے ہیں۔
رواں مالی سال میں ماہ جون تک صوبائی حکومت انشورنس کمپنی کو 10ارب روپے ادا کرے گی۔ تاہم مالی بحران کے پیش نظر حکومت کو اس ضرورت پر پورا اترنے اور ڈیڈ لائن کے اندر ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے مدد کی ضرورت ہو گی۔ریزرو فنڈز کی ادائیگی نہ ہونے کے سبب انشورنس کمپنی کی طرف سے کینسرکے علاج، گردوں کے مریضوں کے ڈائیلسزاور جگر کے ٹرانسپلانٹ کی سروسز مریضوں کے لیے بند کی جا چکی ہیں۔