اسپین :وزیراعظم کا پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا فیصلہ، قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ

اسپین :وزیراعظم کا پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا فیصلہ، قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ

ایک نیوز: اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے مقامی اور علاقائی انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست کے بعد پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے قبل از وقت انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسپین کے وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں بتایا کہ پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کے فیصلے سے ملک کے بادشاہ فلپ ششم کو آگاہ کردیا گیاہے۔ وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے صدر کنگ فلپ سے درخواست کی ہے کہ پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کے ان کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے 23 جولائی کو نئے انتخابات کرادیں۔ 

اسپین کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کی تحلیل کا فیصلہ گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست کے بعد کیا ہے۔

واضح رہے کہ مقامی انتخابات کے بعد صوبائی الیکشن میں بھی قدامت پسند پیپلز پارٹی اور انتہائی دائیں بازو کی پارٹی ووکس نے حکمران جماعت کو شکست سے دوچار کیا ہے۔اس سے قبل اسپین کے وزیراعظم نے رواں سال دسمبر میں الیکشن ہونے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران وہ اپنی ٹیم کو مکمل کریں گے لیکن مقامی الیکشن نے ان کو حکمت عملی بدلنے پر مجبور کردیا۔