پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ کر کنسرٹ کیلئےلندن جانا ابرارالحق کو مہنگا پڑگیا، ویڈیوز وائرل

May 29, 2023 | 13:38 PM

ایک نیوز: بدلتا ہے رنگ آسماں کیسے کیسے۔ کل تک جو کارکن ابرارالحق کے گن گاتے تھے۔ معروف گلوکار کو انہی کارکنوں سے خطرہ ہونے لگا ہے۔ ایسی کی کچھ ویڈیو سوشل میڈیا پر ان کے حالیہ لندن کنسرٹ کے حوالے سے وائرل ہورہی ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق ابرارالحق نے 9مئی کے واقعات کے بعد پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا اور اس کے بعد انہوں نے لندن میں شیڈول کنسرٹ کی تیاری شروع کر دی ، انہیں پہلے تو ملک سے نکلنے کیلئے پاپڑ بیلنے پڑے لیکن یہ مشکلات یہیں ختم نہیں ہوئیں بلکہ لندن میں بھی انہیں تحریک انصاف کے مبینہ کارکنان کی جانب سے نشانہ بننے کا خوف کھاتا رہا۔

ایسا ہی ایک منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب ابرار الحق کنسرٹ کیلئے ہال پہنچے تو وہ ابھی اپنی گاڑی میں ہی موجود تھے اور گارڈز کو کہہ رہے تھے کہ یہ لوگ کون ہیں انہیں یہاں سے ہٹائیں ۔گارڈز ان کو تسلی دیتاہے کہ آپ بے فکر ہو جائیں ایسا ویسا کچھ نہیں ہو گا۔

اگلی ویڈیو میں وہ باہر آتے ہیں اور میڈیا سے گفتگو کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اتنی دیر میں وہاں پر بھی ہنگامہ آرائی شروع ہو جاتی ہے اور گارڈز ابرار الحق کو کھینچتے ہوئے اندر لے جاتے ہیں جبکہ گارڈز کی میڈیا کے نمائندوں سے تلخ کلامی بھی ہوتی ہے۔

اس کے بعد ابرار الحق کی بحفاظت واپسی کیلئے انتظامیہ کی جانب سے لندن پولیس کی مدد لی گئی، لندن پولیس نے ابرار الحق کی گاڑی کو اپنے حصار میں ہال سے نکالا۔ 

مزیدخبریں