ایک نیوز: انسداد دہشتگردی عدالت نے تحریک انصاف کی رہنما خدیجہ شاہ کی میڈیکل اور ملاقات سے متعلق درخواست خارج کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس لاہور پر حملے کی مرکزی ملزمہ خدیجہ کے میڈیکل اورملاقات کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے درخواست پر سماعت کی، جبکہ خدیجہ شاہ کے وکیل سمیر کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔
خدیجہ شاہ کے وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ میڈیا پر خدیجہ شاہ کی طبیعت ناساز ہونے کی خبریں چل رہی ہیں، جب سے خدیجہ شاہ گرفتار ہوئی ہے فیملی کو ملنے نہیں دیا گیا۔
وکیل نے استدعا کی کہ جیل حکام سے خدیجہ شاہ کی میڈیکل رپورٹ طلب کی جائےاور خدیجہ شاہ کی فیملی کو جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔
بعد ازاں انسداد دہشتگردی عدالت نے تحریک انصاف کی رہنما خدیجہ شاہ کی میڈیکل اور ملاقات سے متعلق درخواست خارج کر دی ہے ۔
جیل میں خدیجہ شاہ کی طبیعت خراب:
گزشتہ روز جناح ہاؤس لاہور پر حملے کی مرکزی ملزمہ اور شناخت پریڈ کے لئے کوٹ لکھپت جیل میں قید ملزمہ خدیجہ شاہ کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔خدیجہ شاہ 30 مئی تک جوڈیشل ریمانڈ پرجیل میں ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ گزشتہ 2 روز سے پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔
خدیجہ شاہ پر الزام:
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خدیجہ شاہ سابق مشیر خزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی ہیں اور ان کے خلاف جناح ہاؤس پر حملے کے تمام ثبوت پولیس نے حاصل کر لئے ہیں، ملزمہ 9 مئی کو فون کرکے لوگوں کو بلاتی رہی تھیں۔