ایک نیوز:میجرلیگ کرکٹ نے جیسن روئے کے بعد ابھرتے انگلش کرکٹرز کو بھی لبھانا شروع کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جارحہ مزاج بلے باز جیسن روئے نے گزشتہ دنوں انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا معاہدہ ختم کرکے امریکی لیگ میں کھیلنے کا 2 برس کی رضامندی ظاہر کردی تھی لیکن انھوں نے بدستور انگلش ٹیم کے لیے دستیابی بھی ظاہر کردی تھی۔
ان کے علاوہ لیگ منتظمین نے سمرسٹ کے ٹام کوہلیر کیڈمور سے بھی رابطہ کیا ہے، لائنز میں بھی شامل کئی کھلاڑی امریکا کی لیگ میں کھیلنے کے لیے پرتول رہے ہیں، کیڈمور بھی انگلینڈ لائنز کی جانب سے کئی میچز کھیل چکے ہیں۔ جولائی میں شروع ہونے والی امریکی لیگ میں منتظمین دنیا بھر سے کرکٹرز کو جوڑنے کیلئے پرکشش مالی ترغیبات دے رہی ہیں۔
28 سالہ کیڈمور نے سمرسٹ کلب سے 3 برس کا معاہدہ کیا ہے اور ابھی ان کا کلب کے ہمراہ پہلا ہی سیزن ہے۔کاؤنٹی ٹیم انھیں تینوں فارمیٹس میں آزمانے کا ارادہ بھی رکھتی ہے، 18 روزہ امریکی لیگ کے دوران کاؤنٹی چیمپئن شپ کے چند راؤنڈ اور ٹی 20 فائنلز بھی شیڈول ہوں گے۔
جیسن روئے نے لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز سے 2 برس کا معاہدہ کیا ہے جس کی مالیت 3 لاکھ پاؤنڈ ہے، ان سے قبل ڈیوڈ ویلی، الیکس ہیلز اور سام بلنگز نے گزشتہ برس دنیا کی مختلف لیگز میں کھیلنے کو ترجیح دی تھی۔ زیریں درجے کے پلیئرز مالی منفعت کے پیش نظر غیرملکی لیگز میں شریک ہونے کو اپنے لیے بہتر موقع خیال کرتے ہیں۔