یہ فتح استنبول جیسی ہے، ملکر ترکیہ کی صدی بنائیں گے: اردوان

May 29, 2023 | 10:32 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: ترکیہ کے صدارتی انتخاب میں کامیابی کے بعد رجب طیب اردوان نےکہا کہ آپ نے ہمیں دوبارہ یہ ذمہ داری دی ہے، ہم مل کر اسے ترکی کی صدی بنائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق  کامیابی کے بعد صدارتی محل سے عوام کے بڑے مجمعے سے خطاب کرتے ہوئےصدر   رجب طیب اردوان نےکہا کہ آج کوئی نہیں ہارا،  آج کا فاتح صرف اور صرف ترکیہ ہے۔ یہ فتح ترکیہ کے تمام ساڑھے 8 کروڑ  باشندوں کی فتح ہے، یہ جمہوریت کی فتح ہے، آئندہ 5 سال کے لیے حکومت کی ذمہ داری سونپنے پر ہر ایک کا شکریہ۔

اردوان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کی تاریخ کے سب سے اہم  الیکشن میں سے ایک میں آپ نے ترکیہ کی صدی کا انتخاب کیا ہے۔ یہ وقت متحد اور اکٹھا ہونےکا ہے، اب یہ کام کرنےکا وقت ہے۔ اردوان کا کہنا تھا کہ  آج سلطنت عثمانیہ کو استنبول فتح کیے ہوئے 570 برس ہو جائیں گے، وہ ہماری تاریخ میں ایک ٹرننگ پوائنٹ تھا جس نے ایک صدی کو ختم  اور ایک نئے باب کا آغاز کیا تھا۔ امید ہےکہ یہ الیکشن بھی ویسا ہی ایک ٹرننگ پوائنٹ ہے۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ذمہ داری ان شہروں کی آبادکاری ہے جو 6 فروری کے زلزلے میں تباہ ہوئے تھے، ہم لوگوں کی زندگی کو بہتر بنائیں اور مہنگائی کم کریں گے۔

مزیدخبریں