پاکستان کی تاریخ میں پہلا فیشن میوزیم و گالا ایونٹ منعقد ہو گا

May 29, 2023 | 07:32 AM

ایک نیوز:معروف پاکستانی اداکارہ فریحہ الطاف، نبیلہ مقصود اور فیفی ہارون نے مل کر پاکستان میں پہلے فیشن میوزیم اور فیشن گالا ایونٹ کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ 
تفصیلات کےمطابق پاکستانی فیشن سے وابستہ فریحہ الطاف، نبیلہ مقصود اور فیفی ہارون کا کہنا ہے کہ پاکستان فیشن میوزیم میں ملک کے گزشتہ 75 سال کا فیشن کلیکشن رکھا جائے گا۔
اس تقریب کا آغاز پاکستان میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کے مقام پر 2023ء اور 2024ء کے موسمِ سرما و موسمِ بہار میں کیا جائے گا۔
اس حوالے سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر ایک پروموشنل ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔
اس ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ فریحہ الطاف، نبیلہ مقصود اور فیفی ہارون ملک میں دی میوز گالا اور ایگزیبیشن کے ساتھ پاکستان فیشن میوزیم ملک میں اپنی نوعیت کے پہلے میوزیم کے انعقاد کا اعلان کرنے کیلئے پرجوش ہیں، یہ ایک سالانہ تقریب ہو گی جہاں ڈیزائنرز اپنے فن سے فیشن انڈسٹری کو فروغ دیں گے۔
پروموشنل ویڈیو میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ میوزیم اور فیشن گالا گزشتہ 75 سال کے پاکستان کے تخلیقی ورثے، جدت اور انداز کو ظاہر کرے گا اور اگلے 75 سال کیلئے پاکستانی فیشن کے مستقبل کی پیشگوئی کرے گا۔
فریحہ الطاف، نبیلہ مقصود اور فیفی ہارون نے ویڈیو میں یہ وضاحت بھی کی ہے کہ وہ پاکستان کے فیشن کو دنیا بھر میں متعارف کروانا چاہتی ہیں، اس لیے پاکستان میں پہلا فیشن میوزیم متعارف کروا کر یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہو رہی ہیں۔

مزیدخبریں