ویب ڈیسک :قومی کرکٹ ٹیم کے متوقع کپتان بابر اعظم نے پی سی بی سے تینوں فارمیٹ کی کپتانی کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی انتظامیہ نے کپتان تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ بابر اعظم کو دوبارہ کپتانی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،سلیکشن کمیٹی نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بابر اعظم کو کپتان بنانے کی تجویز دی اور اب بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قیادت سنبھالیں گے۔بابر اعظم کاکول میں تربیتی کیمپ میں بطور کپتان شرکت کریں گے۔
تینوں فارمیٹ کی کپتانی کا مطالبہ
قومی ٹیم کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے پی سی بی سے تینوں فارمیٹ کی کپتانی کا مطالبہ کردیا،سپورٹس ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق پی سی بی نے بابر اعظم کو وائٹ بال کرکٹ میں قیادت کی پیشکش کی ہے لیکن انہوں نے اب تک یہ پیشکش قبول نہیں کی اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں تینوں فارمیٹ کا کپتان بنایا جائے ۔
واضح رہے کہ سابق کپتان بابر اعظم جنہوں نے گزشتہ سال ایشیا اور ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد قیادت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں شاہین شاہ کو کپتان بنایا گیا تھا۔ نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں چار ایک سے شکست اور پی ایس ایل 9 میں شاہین شاہ کی قیادت میں لاہور قلندر کی ناقص پرفارمنس نے بھی شاہین شاہ کی قیادت پر سوالات اٹھائے ۔
بورڈ میں تبدیلی آئی اور محسن نقوی کے چیئرمین بنتے ہی کپتان کے حوالے سے بیان نے شاہین کے مستقبل پرسوالیہ نشان لگا دیا نئی سلیکشن کمیٹی بنی تو اس نے بھی قیادت کے لیے اپنا ووٹ بابر اعظم کے حق میں دیا، گزشتہ روز بابر اعظم کی پی سی بی چیئرمین محسن نقوی سے بھی ملاقات ہو چکی ہے۔