ایک نیوز :امریکی صدر جو بائیڈن نے وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھا ہے ،اپنے پہلے خط میں امریکی صدر نے نو منتخب حکومت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔
تفصیلات کےمطابق امریکی صدر نے وزیراعظم کے نام خط میں کہا کہ دنیا اور خطے کو درپیش اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا ، صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لئے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیں گے ، ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے، پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام اور 2022 کے سیلاب کے تباہ کن اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے۔
امریکی صدر نے خط میں مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ مل کرانسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں، دونوں اقوام کے درمیان استوارمضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے ، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔