آرٹی فیشل انٹیلی جنس 30 کروڑ ملازمتوں کیلئے خطرہ قرار

Mar 29, 2023 | 14:57 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کی حالیہ پیشرفت سے لوگوں کی ملازمتیں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

 رپورٹ میں اس خدشے کے پیش نظر پیشگوئی کی گئی ہے کہ 30 کروڑ ملازمتیں اے آئی سے متاثر ہو سکتی ہیں۔امریکی سرمایہ کار ادارے Goldman Sachs کےمطابق  اگر اے آئی ٹیکنالوجی نے ان صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جن کا دعویٰ کیا جا رہا ہے تو لیبر مارکیٹ بہت بری طرح متاثر ہوگی اور  صرف امریکا میں ہی دوتہائی ملازمتیں اے آئی ٹیکنالوجی کی زد پر ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افرادی قوت پر اے آئی ٹیکنالوجی سے مرتب ہونے والے اثرات بہت زیادہ نمایاں ہو سکتے ہیں لیکن بیشتر ملازمتیں اور انڈسٹریز جزوی طور پر متاثر ہوں گی۔رپورٹ میں تخمینہ لگایا گیا کہ امریکا میں 7 فیصد ملازمتوں میں انسانوں کی جگہ اے آئی سسٹم لے سکتے ہیں جبکہ 63 فیصد ملازمتوں میں اے آئی ٹیکنالوجی انسانوں کے ساتھ کام کرے گی۔ 30 فیصد شعبوں پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔دنیا بھر میں اگلے 10 سالوں میں 7 فیصد سروسز اور اشیا کی تیاری میں اے آئی ٹیکنالوجی کا عمل دخل ہوگا۔ اے آئی ٹیکنالوجی اس وقت عوامی توجہ کا مرکز بنی جب اوپن اے آئی نامی کمپنی نے چیٹ جی پی ٹی کو متعارف کرایا۔

 چیٹ بوٹ سے متعدد کام لیے جاسکتے ہیں اور مائیکرو سافٹ نے اس ٹیکنالوجی کو اپنے سرچ انجن کا حصہ بنایا ہے۔ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے اس حوالے سے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں جیسے گوگل کی جانب سے بارڈ کے نام سے چیٹ بوٹ متعارف کرایا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے نتیجے میں دفتری اور انتظامی پوزیشنز کو سب سے زیادہ خطرہ لاحق ہے جس کے بعد دیگر شعبوں کا نمبر ہے۔

مزیدخبریں