پوسٹل بیلٹ کیلئے درخواستیں دینے کی آخری تاریخ کا اعلان

 پوسٹل بیلٹ کیلئے درخواستیں دینے کی آخری تاریخ کا اعلان

ایک نیوز: قومی اسمبلی انتخاب کیلئے پوسٹل بیلٹ حاصل کرنے کی درخواست کیلئے 15اپریل آخری تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے چھ حلقوں میں ہونیوالے ضمنی انتخابات کیلئے پوسٹل بیلٹ حاصل کرنے کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ 15اپریل مقرر کی ہے۔ قومی اسمبلی کے چھ حلقوں میں سےصوبہ پنجاب میں دو حلقوں NA-108فیصل آباد اور NA-118ننکانہ صاحب میں 30اپریل کو ضمنی انتخاب منعقد کیا جائیگا۔ اس حوالے سے پوسٹل بیلٹ کی سہولت سرکاری ملازمین، پاک فوج کے اراکین اور ان کے اہلخانہ کو مہیا کی جاتی ہے۔

علاوہ ازیں یہ سہولت افراد باہم معذوری، جو کہ ایسی معذوری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن پرآ کر ووٹ نہیں ڈال سکتے ہوں ایسے افراد بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت استعمال کرنے کے اہل ہیں۔افراد باہم معذوری کیلئے لازمی ہے کہ پوسٹل بیلٹ پیپر حاصل کرنےکے لئے انکے پاس   نادرا کا معزوری کے نشان والا شناختی کارڈ موجود ہو. پوسٹل بیلٹ کی سہولت جیل میں موجود قیدی بھی استعمال کرسکتے ہیں۔الیکشن کیلئے تعینات کر دہ پولنگ عملہ بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت استعمال کر سکتا ہے۔پوسٹل بیلٹ کیلئے درخواست فارم متعلقہ ریٹرننگ آفیسر سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں پوسٹل بیلٹ درخواست فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ ایسے ووٹرز جن کو پوسٹل بیلٹ جاری کیا جائیگا وہ پولنگ اسٹیشن پر ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل نہیں ہونگے۔