ایک نیوز: سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 90 دن میں انتخابات آئین کا اٹل فیصلہ ہے، جو بھی اس سے بھاگے گا جمہوری نظام کے خاتمے کی بنیاد رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ 50 فیصد مہنگائی اور 83 فیصد پاکستانیوں کی بے روزگاری میں اضافہ تشویشناک ہے، پہلے حکومت اور اپوزیشن میں تصادم تھا اب حکومت پارلیمنٹ کو عدلیہ کے ساتھ تصادم کی طرف لے کر جا رہی ہے، سارا ملک تقسیم اور تفریق ہو گیا ہے۔
مسئلہ پیسےاورسیکورٹی کانہیں نیت کاہےکیونکہ حکومت سےلوگوں کی نفرت اُس جگہ پر پہنچ گئی ہےکہ حکومت عوام میں جانےکےلیے تیار نہیں ہےسپریم کورٹ آئین کےتابے ہےاورآئین کاکوئی لاڈلانہیں90دن میں انتخاب آئین کااٹل فیصلہ ہےجوبھی اس سے بھاگےگاجمھوری نظام کےخاتمے کی بنیادرکھےگا
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) March 29, 2023
انہوں نے کہا کہ ملک انارکی اور خانہ جنگی کی طرف جا رہا ہے، اہم فیصلے کرنے ہوں گے ورنہ یہ کھیل زیادہ دیر نہیں چل سکتا، مسئلہ پیسے اور سکیورٹی کا نہیں نیت کا ہے کیونکہ حکومت سے لوگوں کی نفرت اس جگہ پہنچ گئی ہے کہ حکومت عوام میں جانے کیلئے تیار نہیں ہے، آٹے کی جگہ موت اور بورا بانٹا جا رہا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ آئین کے تابع ہے اور آئین کا کوئی لاڈلہ نہیں، پاکستان کے تمام ادارے وزیراعظم سمیت سپریم کورٹ کے حکم کے ماتحت ہیں، ن لیگ کا عدلیہ پر حملہ کوئی نئی بات نہیں، حکومتی بل الیکشن روکنے کی ناکام کوشش ہے، تبدیلی آئینی ترمیم کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتی، جو عدالت کی حکم عدولی کرے گا وہ بغاوت کو دعوت دے گا۔