شہبازگل کا نام ای سی ایل سے خارج، بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

Mar 29, 2023 | 11:25 AM

ایک نیوز: پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا۔ عدالت نے ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دیتے ہوئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ 

شہباز گل بھی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے درخواست پر وفاقی حکومت، وزارت داخلہ سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کن وجوہات کی بنا پر نام ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے؟ ان کا کیس کس میں فال کرتا ہے؟ اس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ ان کے خلاف اسلام اباد اور پنجاب میں مقدمات درج ہیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ان کی مقدمات میں ابھی بیل ہوئی ہے۔ ابھی ٹائل ہونا باقی ہے۔ سپریم کورٹ کے سو موٹو کیس میں یہ نقطہ اٹھایا تھا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ خواجہ آصف کیس اور پرویز مشرف کیس بھی آپ کے سامنے ہیں۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ یہ رول ان کیسز کے بعد بنائے گئے ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کے پاس کیا آرڈر ہیں؟ ان پر صرف ایف آئی آر ہے۔ اس لیے موومنٹ نہیں کرنے دے رہے۔ عدالت نے شہباز گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دےدیا۔ 

عدالت نے شہباز گل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کہاں جانا چاہتے ہیں؟ شہباز گل نے جواب دیا کہ میں 3 یا 4 ہفتوں کیلئے امریکا جانا چاہتا ہوں۔ عدالت نے شہباز گل کو 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

مزیدخبریں