ایک نیوز: ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس معاون زلزلہ زدگان کیلئے امدای سامان لیکر شام کی بندرگاہ لطاکیہ پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق امدادی سامان میں متاثرین کیلئے خیمے، کمبل، راشن اور گرم کپڑے شامل ہیں۔ ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ شام کی بندرگاہ پہنچنے پر لطاکیہ کے گورنر، پاکستانی سفیر اور شام کے دیگر اعلی سول و عسکری حکام نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس معاون امدادی سامان لیکر شام پہنچنے والا پاک بحریہ کا دوسرا جہاز ہے۔ پاک بحریہ کا پہلا جہاز پی این ایس نصر شام میں امدادی سامان کی ترسیل مکمل کر چکا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی قوم مصیبت کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شام کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔