ایک نیوز: پاکستان کے معروف اداکار راشد محمودزیادہ بجلی کا بل آنے پر سراپا احتجاج ہو گئے۔
راشد محمود کا کہنا ہے کہ 701 یونٹ کا 48ہزار 763 روپے بل آیا ہے، 4 بار ہارٹ اٹیک سے میرے رب نے مجھے بچایا ہے لیکن بجلی کا بل دیکھ کر محسوس کررہا ہوں کہ میرے رب نے مجھے کیوں بچایا۔
راشد محمود نے کہا کہ اربوں روپیہ ہمارے کاموں سے اس ملک میں اکٹھا ہوا، ساری زندگی اس ملک کی خدمت کی، بجلی کا بل ادا کرنے کے لئے پیسے کہاں سے لاؤں ،کئی سالوں سے انڈسٹری میں کام ہی نہیں ہے،اس ملک کے ارباب اختیار پر کوئی نہ کوئی الزام ہے اربوں کھربوں روپے وہ لوٹ کر باہر لے گے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ میں مرنے کی خواہش نہیں بلکہ دعا کررہا ہوں،اس ملک میں جینا ناقابل برداشت ہوگیا ہے اس ملک کی جو خدمت کی میں نے وہ غلط کیا ہے۔
راشد محمود نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ اگر میں بھی چوروں کے ساتھ شامل ہوجاتا تو آج میں یہ چیخ وپکار نہ کررہا ہوتا،اگر ارباب اختیار ہمیں کچھ دے نہیں سکتے تو اب ہمارا جینا بھی ہم سے چھین رہے ہو،میں اکیلا نہیں بلکہ کروڑوں لوگ ہیں جو یہی گلے شکوے کررہے ہیں۔