ایک نیوز:وزیراعلیٰ کی تقریرکے دوران ہنگامہ آرائی پر اراکین کی معطلی کے معاملے پر سنی اتحاد کونسل کے اراکین اسمبلی احتجاج کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے باہر پہنچ گئے، اپوزیشن اراکین اسمبلی کی آمد پر اسمبلی کا گیٹ بند کردیا گیا ۔
مظاہرین کی حکومت کے خلاف نعرے بازی جاری،اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر احتجاج کی قیادت کر رہے ہیں ،رانا شہباز، میاں ہارون اکبر، سمیت سنی اتحاد کونسل کے اراکین احتجاج میں شریک ہیں۔
ملک احمد خان بھچر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے 11 اراکین کو معطل کردیا گیا ،ہمارے کسی رہنما نے کوئی گالی نہیں دی، جھوٹے الزام لگا کر عوام کے 11 نمائندوں کو معطل کیا گیا ،رانا شہباز کی گفتگو کسی ویڈیو سے ثابت کر دیں کہ میں نے گالی دی تو سیٹ چھوڑ دوں گا، قانون کے تحت ہم اسمبلی کی سیڑھیوں تک جا سکتے ہیں انہوں نے پولیس لگا کر ہمیں باہر روک لیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر احمد خان نے مزید کہا کہ ہمارے گیارہ لوگوں کو معطل کیا گیا ہے جو غیر آئینی ہے، ملک محمد احمد خان آپ گیارہ نہیں بلکہ ایک سو سات ممبر کو ہی معطل کردیں ،ہم نے مریم نواز کوٹک ٹاکر ،مینڈیٹ چور کہا ۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان رکاوٹیں توڑ کر اسمبلی گیٹ پر پہنچنے میں کامیاب ہو گئے، اپوزیشن ارکان کو مین گیٹ پر روک دیا گیا ، پنجاب اسمبلی کے ڈیوٹی فری شاپس گیٹ پر پولیس اور اسمبلی گارڈز کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کےاحتجاج کےمعاملے پر پنجاب اسمبلی کی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ، پنجاب اسمبلی کے باہر قیدیوں کی وین بھی کھڑی کر دی گئی، معطل ہونے والے ارکان اسمبلی کا اسمبلی حدود میں داخلہ روکنے کےلئے اسمبلی سکیورٹی کی جانب سے گاڑیوں کی چیکنگ شروع، صرف ن لیگ اور اتحادیوں کو اسمبلی آنے کی اجازت ہے۔