ایک نیوز:محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کی سکیورٹی کے حوالے سے گائیڈ لائن جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کی زیر صدارت محرم الحرام کی سیکیورٹی کے اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، سیکرٹری داخلہ کی جانب سے صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی گئی۔
پنجاب بھر میں میں 37ہزار 376 مجالس ہوں گی، تمام مجالس کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا، صوبہ بھر میں محرم الحرام کے 10ہزار 426 جلوس نکالے جائیں گے ،طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی اور مقام پر جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں ہوگی، اشتعال انگیزی کے خطرے کے پیشِ نظر 1200 افراد کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
محرم الحرام میں پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہو گی
نور الامین مینگل کا کہنا ہے کہ صوبے میں 502 مقامات کو حساس قرار دیا گیا ہے، فوج اور رینجرز بھی تعینات ہوگی،تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے اضلاع میں امن کمیٹیوں کو متحرک کیا جائے،تمام مجالس اور جلوسوں کی مکمل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے،سوشل میڈیا پر بھی نفرت انگیزی کی اجازت نہیں دیں گے، خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہو گا، خلاف قانون لاؤڈ سپیکر کے استعمال کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ، کمشنر اور ڈی سی لاہور، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ایس پی یو اور تمام حساس اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی جبکہ پنجاب بھر سے کمشنرز، آر پی اوز، ڈی سیز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔