بےنظیر کفالت کے تحت مستحقین میں 42 ارب تقسیم

بےنظیر کفالت کے تحت مستحقین میں 42 ارب تقسیم
کیپشن: 42 billion distributed among the beneficiaries under Benazir sponsorship

ایک نیوز:بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام  نے بے نظیر کفالت پروگرام کے تحت 4.6 ملین سے زیاد ہ استفادہ کرنے والی خواتین میں اب تک 42 ارب روپے تقسیم کئے۔

بی آئی ایس پی مالی سال 2022-23 کے لیے بے نظیر کفالت کی چوتھی سہ ماہی قسط جاری کر رہا ہے۔بے نظیر کفالت کے تحت90 لاکھ رجسٹرڈ مستفید خاندان فی گھر 9,000 روپے کی سہ ماہی قسط کے حقدار ہیں۔ بی آئی ایس پی پہلے ہی اپنے پارٹنر بنکوں، کو ان کے ریٹیل ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کے ذریعے مستحقین میں تقسیم کرنے کے لیے 81 ارب روپے سے زائد جاری کر چکا ہے۔

 پروگرام کے ترجمان نے بتایا کہ بے نظیر کفالت کے ساتھ ساتھ رجسٹرڈ خاندانوں کے بچوں کو بھی بے نظیر تعلیمی وظائف دیئے جا رہے ہیں، تاہم تعلیمی وظائف کے حصول کے لیے سکول میں 70 فیصد حاضری لازمی ہے۔عام تعطیل کے باوجود 28 جون2023 کو بینکوں کی مقررہ برانچوں کے ذریعے قسط کی ادائیگی جاری رہی، تاہم عیدالاضحی کی تعطیلات اور سوموار 3 جولائی کو بینکوں کی تعطیل کے دوران ادائیگیاں معطل رہیں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ ادائیگیاں4 جولائی سے دوبارہ شروع کی جائیں گی، اور باقی تمام مستحقین کو ادائیگی تک سلسلہ جاری رہے گا۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں، استفادہ کرنے والے بی آئی ایس پی کے قریبی تحصیل دفاتر سے رجوع کر سکتے ہیں یا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر کال کر سکتے ہیں۔

بی آئی ایس پی کے ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام پیغامات صرف 8171 سے بھیجے جاتے ہیں اور کسی دوسرے نمبر سے آنے والے پیغامات پر بھروسہ نہیں کیا جانا چاہیے۔