ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبےسےمنائی جا رہی ہے

Jun 29, 2023 | 10:31 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی بھی کی جار ہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔

دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا اور علمائے کرام نے عید کے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ نماز عید کے بعد شہری سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کا فریضہ ادا کر رہے ہیں۔

فیصل مسجد میں نماز عید ادا

فیصل مسجد میں نماز عید اداکردی گئی،وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ، سفارت کاروں اور اہم شخصیات نے نماز عید ادا کی، راولپنڈی اوراسلام آباد سے بڑی تعداد میں شہریوں نے نماز ادا کی ،نماز کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

وزیراعظم کی امیر قطر کو عیدکی مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ٹیلی فون پر گفتگوکی اور انہیں عیدالاضحٰی کی مبارک دی۔ وزیراعظم نے قطر کے عوام کو بھی عید کی مبارک دی اور نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔امیر قطر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کے عوام کو عید کی مبارک دی اور جوابی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا ۔

دونوں قائدین نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ اور گرمجوشی پر مبنی دوطرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی اور فروغ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ۔دونوں راہنماؤں نے عالمی اور علاقائی اہمیت کے امور پر باہمی مشاورت اور رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا ۔امیر قطر نے ٹیلی فون کرنے اور عید کی مبارک دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم اور تمام عالم اسلام کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ اللہ ہماری قربانیو ں اور عبادتوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے،عید الاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی کا گوشت غریبوں میں تقسیم کریں، محتاجوں اور ضرورت مندوں کی امداد کریں،عید پر ایسے لوگوں کو بھی یاد رکھیں جو گزشتہ برس سیلاب کی تباہ کاریوں سے بے گھر ہوئے۔

انہوںنے کہا کہ حکومت اپنی تمام توانائیاں عوامی ریلیف پرصرف کررہی ہے،اللہ تعالیٰ عالم اسلام کوامن وسلامتی اورترقی کاگہوارہ بنائے، کشمیراورفلسطین کےمظلوم بہن بھائیوں کی مشکلات ختم کرے۔

آصف علی زرداری

آصف علی زرداری نےعیدالاضحی پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں قربانی ،صبر اوربرداشت کا درس دیتا ہے، عید کی خوشیوں میں غریب اور معاشی طور کمزور بھائیوں کو بھی شریک کیاجائے، عید کے موقع پر بھارتی جبر کے شکار کشمیری بھائیوں، بہنوں اور بچوں کو یاد رکھا جائے، وطن کے ان بہادر بیٹوں کی سلامتی کیلئے دعائیں کی جائیں جو دن رات دھرتی کی حفاظت کرتے ہیں، عید کے موقع پر ان شہیدوں کو یاد رکھا جائے جنہوں نے وطن اور قوم کی خاطر اپنی جانیں قربان کی۔

آصف علی زرداری کا کہناتھا کہ آج کے دن ملک کو ہر طرح کی شدت پسندی سے پاک کرنے کا عہد کیا جائے، ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی جو مذموم مقاصد کے لیے مذہب کا استعمال کرتے ہیں، ہم سب کو ملک سے غربت، جہالت اور عدم برداشت کے رویوں کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا،آزاد، خود مختار اور باوقار پاکستان محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا،ہم ملک کو فلاحی ریاست بناکر بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنائیں گے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری

وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پوری امت مسلمہ کوعیدالاضحیٰ کی مبارک بارپیش کرتاہوں،دعا ہے کہ آج کا بابرکت دن دنیا بھرمیں امن،بھائی چارے اورخوشحالی کاوسیلہ ثابت ہو۔

انہوں نےکہاکہ ہرپاکستانی کوآج یہ عہد کرناچاہیئے کہ ہم اپنے وطن سے نفرت اورتقسیم کی سیاست کاخاتمہ کریں گے،عید کی خوشیوں میں مستحق لوگوں کوبھی شامل کریں،جوآپ کی امدادوتعاون کے مستحق ہیں۔

چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی

قائم مقام صدراورچیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے عیدالاضحیٰ کے بابرکت اورپُرمسرت موقع پرقوم کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے تمام ترمفادات،ترجیحات اورتعصبات کوپس پشت رکھتے ہوئے ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی اوراجتماعی فلاح وبہبود کیلئے مل کرکام کرناہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے عید الاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں،حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے پیارے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ تعالی کے حکم پر قربانی کیلئے پیش کر کے عظیم مثال قائم کی، عید الاضحی کا دن مسلمانوں کو ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے،خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارااوریتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا پیغام ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھاکہ عید قربان پر جھوٹ، منافقت اور غیبت کو ہمیشہ کیلئے قربان کرنے کا عہد کرنا ہو گا،قیام امن کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کی لازوال قربانیوں کوسلام پیش کرتے ہیں، شہداء کے اہل و عیال کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہماری اجتماعی قومی ذمہ داری ہے،بحیثیت قوم باہمی رنجشیں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن اپنی ذات کی نفی، ذاتی انا او رمفادات کی قربانی دیکر ایثار، بھائی چارے او راتحاد کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے،عید کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر ہمیں دکھی اور لاچار انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کا عہد کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں