انہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی اقدامات پر دوبارہ عمل کرنے کی تجویز دی۔
اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 5 تا 11 سال کی عمر کے لیے صرف فائزرکی ویکسین دستیاب ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم فائزر سے بات چیت کررہے ہیں، امید ہے کہ اگست یا ستمبر تک فائزر ویکسین کی 68 لاکھ خوراکیں مل جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پچھلے چند دنوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہواہے، صورتحال پریشان کن نہیں ہے تاہم عوام کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ اس مقصد کے لیے حکومت نے تین اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) کی تجویز دی ہے جن پر عمل کرنا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام اجتماعات، ایئرلائنز، ریلوے اور پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک کو لازمی قرار دے دیا ہے، سماجی فاصلہ اور سینیٹائزیشن بھی نہایت اہم ہے۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ عیدالضحیٰ اور محرم الحرام کے دوران عام طور پر بڑے عوامی اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں، ہم اس حوالے سے بھی حکمت عملی مرتب کررہے ہیں کیونکہ ان مہینوں میں کورونا وائرس کیسز کے اضافے کے خدشات ہیں۔