دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کیساتھ ہے،وزیراعظم  

Jul 29, 2024 | 21:20 PM

ایک نیوز:وزیراعظم محمد شہباز شریف   کا کہنا ہے  دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل طور پر خاتمے تک پاکستانی قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ 

وزیراعظم شہبازشریف نے  خیبر پختونخوا میں 3مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں  کے خلاف کامیاب آپریشن پر افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی ہے۔  

وزیراعظم کا کہناتھا خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے مہمند، ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرِ ستان میں بہادری سے لڑتے ہوئے 5 خارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا ۔ 

وزیرِ اعظم نے  مہمند میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے صوابی سے تعلق رکھنے والے پولیس کانسٹیبل ابرار حسین کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت  پیش کیا اور شہید کی بلندیِ درجات اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔  

محمد شہباز شریف نے کہا  سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن نے یہ ثابت کیا کہ دہشتگرد وطن کے دفاع کیلئے پر عزم افسران و جوانوں سے بچ نہیں سکتے ،مجھ سمیت پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے دفاعِ وطن کیلئے غیر متزلزل عزم پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔     

مزیدخبریں