سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3الگ الگ آپریشنز میں کُل 5دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا ضلع مہمند میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا گیا اور فتنۃ الخوارج کے قاری سمیت 3دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کر دیا گیا اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔
تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کے پی پولیس کے کانسٹیبل ابرار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔
ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی ایک اور کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے تباہ کیا، جس کے نتیجے میں فتنۃ الخوارج کا خارجی صفت اللہ المعروف ملا منصور مارا گیا، جبکہ 3دیگر دہشتگرد زخمی ہوئے۔
خارجی صفت اللہ 12 دسمبر 2023 کو درابن میں خودکش بم حملے میں سہولت کاری سمیت علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
شمالی وزیرستان کے ضلع میں ہونے والی تیسری کارروائی میں فتنہ الخوارج کے ایک اور خارجی دہشت گرد کو سکیورٹی فورسز نے ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز پاکستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔