نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ سے ملاقات 

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ سے ملاقات 
کیپشن: Deputy Prime Minister Ishaq Dar meeting with Commonwealth Secretary General

ایک نیوز: نائب وزیر اعظم  اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ سے ملاقات  کی ہے۔ 

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق  نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آج وزارت خارجہ میں دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کا استقبال کیا ، اسحاق ڈار نے سیکرٹری  جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کا پاکستان میں خیرمقدم کیا ۔  

نائب وزیراعظم ڈار نے دولت مشترکہ کے لیے پاکستان کی اعلیٰ اہمیت اور دولت مشترکہ کے چارٹر میں درج اقدار اور اصولوں کو برقرار رکھنے کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ،نائب وزیراعظم نے 2022 کے سیلاب کے بعد پاکستان کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی کی وکالت کرنے پر سیکرٹری جنرل سکاٹ لینڈ کا شکریہ ادا کیا ،سیلاب سے پاکستان کا دو تہائی علاقہ زیر آب آیا اور 30 ​​ارب امریکی ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان ہوا ،انہوں نے کامن ویلتھ کی جانب سے پاکستان کے لیے موسمیاتی مالیاتی مشیر کی تقرری کو سراہا ۔ 

ترجمان دفتر خارجہ  کے مطابق نائب وزیراعظم اور سیکرٹری جنرل نے تعلیم اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے پر بات چیت کی،انہوں نے پاکستان کی معیشت کی ترقی میں نوجوانوں کی شرکت سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ،فریقین کے  درمیان  رواں  سال کے آخر میں منعقد ہونے والی دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کی میٹنگ (سی ایچ او جی ایم) کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال  ہوا۔  

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ وہ سربراہان مملکت اجلاس سے قبل دولت مشترکہ وزرائے خارجہ اجلاس میں سیکرٹری  جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ اور ان کے دولت مشترکہ ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتوں کے منتظر ہیں، انہوں نے کہا کہ بطور بانی رکن پاکستان نے دولت مشترکہ کو عصری عالمی اور علاقائی چیلنجز پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ایک اہم فورم سمجھاہے ۔

نائب وزیراعظم  کی جانب سے   پاکستان کی اقتصادی ترقی، جمہوری اداروں اور قانون کی حکمرانی کے لیے دولت مشترکہ کی دیرینہ حمایت کو سراہا گیا۔