سندھ میں اپوزیشن لیڈر  کی حمایت پر 8 پی ٹی آئی ارکان کو شوکاز 

Jul 29, 2023 | 22:26 PM

ایک نیوز : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی حمایت پر اپنے 8 ارکان صوبائی اسمبلی کو نوٹسز جاری کردیئے۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کے دستخط سے  سندھ کے ارکان اسمبلی کو پارٹی پالیسی کے خلاف اپوزیشن لیڈر کو ووٹ دینے پر شو کاز جاری کیا گیا۔

پی ٹی آئی نے سید عمران علی شاہ، سنجے گنگوانی، سچنند لکھوانی سچل، رابعہ اظفر نظامی، عمر عمیری، محمد علی عزیز، کریم بخش گبول اور  بلال احمد کو پارٹی پالیسی کے خلاف جاکر اپوزیشن لیڈر کو ووٹ دینے پر شوکاز نوٹس جاری کیا۔

 تمام ارکان کو نوٹس جاری ہونے کے تین دن کے اندر وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جواب موصول نہ ہونے یا غیر تسلی بخش ہونے کی صورت میں تمام ممبران کے خلاف پارٹی پالیسی کے تحت مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی کے حلیم عادل شیخ کی جگہ متحدہ قومی موومنٹ کی عنا انصار کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے 9 ارکان نے ایم کیوایم کی رعنا انصار کے حق میں دستخط کیے تھے۔ انہیں ایم کیو ایم کے 20، پی ٹی آئی کے 9 اور جی ڈی اے کے 10 ارکان کی حمایت حاصل ہے اور وہ صوبائی اسمبلی کی پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر ہیں۔

مزیدخبریں