پاکستان کی سیاست میں جمہور کا نہیں بلکہ استحصالی طاقتوں کا قبضہ ہے: شیخ رشید

Jul 29, 2023 | 15:58 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج دس محرم الحرام ہے، اہل وفا کا نام آج بھی زندہ ہے، جنہوں نے گردنیں کٹوا دیں شہادتیں قبول کیں لیکن طاقتور کی بیت نہیں کی اور نہ ہی سر جھکایا۔

 تفصیلات کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں لکھا ہے کہ نسلی اور اصلی ہی قربانیاں دیتے ہیں، مفاد پرست سیاسی ہتھیار پھینکنے میں پانچ منٹ نہیں لگاتے، کسی کو احساس نہیں کہ غریب کے پاس آٹا، چینی، کرائے اور بچوں کی فیس کے پیسے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برادر یوسف شہباز صاحب نے افتتاح کا جمعہ بازار لگا دیا ہے، وہ اتنے افتتاح کر رہے ہیں کہ ان کو یہ معلوم ہی نہیں کہ دس بارہ دن کا کھیل باقی ہے، لوگوں کو سمجھ ہے کہ یہ پیسے کہاں سے آئیں گے اس پر کام کب شروع ہوگا، جھوٹ کی سیاست پروان چڑھ چکی ہے، اگر عوام نے جرأت کا مظاہرہ کیا جھوٹ اور منافقت کی سیاست کو دفن کیا تو پاکستان میں بہتری آئے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جیل قلفی والا اور پاپڑ والا جاتا ہے، بڑا آدمی جیل سے کاروبار بھی چلاتا ہے اور سیاست کی دکان بھی چمکاتا ہے، جسے بجلی مفت ملتی ہے وہ بجلی کے نرخ بڑھاتا ہے، پاکستان میں جن کے پاس وسائل ہیں وہی اسمبلیوں کی شکل دیکھتے ہیں، مسائل زدہ لوگ اسمبلی کے اندر داخل بھی نہیں ہو سکتے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں جمہور کا نہیں بلکہ استحصالی طاقتوں کا قبضہ ہے، پاکستان میں جمہوریت مجبوریت کا دوسرا نام ہے، ایک گھنٹے میں 24 ارکان کی حاضری پر مشتمل اسمبلی 29 بل پاس کرے اور 85 اراکین پر مشتمل کابینہ ہو تو اس ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 12 دنوں کی بات ہے جب نگران وزیراعظم کا نام آئے گا تو سب کچھ پتہ چل جائے گا، پاکستان میں ایسا نظام چل رہا ہے جس کے بارے میں کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا کہ نگران حکومت کون بنائے گا، الیکشن کب ہوں گے، ہوں گے بھی یا نہیں ہوں گے۔سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وہ الیکشن کیا تبدیلی لائے گا جہاں اپنے سارے کرپشن اور منی لانڈرنگ کے کیسز ختم کر دیئے اور اب پھر اپنوں کو بانٹا اور غریبوں کو ڈانٹا جا رہا ہے، اگر الیکشن کا وقت آیا تو غریب ایسا فیصلہ دے گا کہ پی ڈی ایم کو دن میں تارے نظر آ جائیں گے۔

مزیدخبریں