ایک نیوز نیوز: تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ معاشی بحران کے بعد ملک میں آئینی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ملک میں جو حالات پیدا کئے گئے ان کی ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ سمیت موجودہ اور سابق تمام حکمران ہے۔تحریک لبیک پاکستان معاشی بدحالی سمیت ہر چیلنج کا مقابلہ اور ہر بحران کو ختم کرنے کی سکت رکھتی ہے۔
امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد رضوی نے مرکزی رہنما مفتی عمیر الازہری سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا عدلیہ کا احترام لازم ہے لیکن ججز خود کو بھی آئین و قانون کا پابند سمجھیں ۔ ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ اداروں کی آڑ میں چھپے چہروں کو اگر سیاست کا اتنا ہی شوق ہے تو نوکریا ں چھوڑ کر عوام میں آئیں۔ ملک میں جو حالات پیدا کئے گئے ان کی ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ سمیت موجودہ اور سابق تمام حکمران ہے۔
سعد رضوی نے مزید کہا عدلیہ کے کمزور فیصلوں نے تنقید کا جواز پیدا کیا، من پسند فیصلوں کی بجائے انصاف کے تقاضے پورے کئے جاتے تو آج حالات یکسر تبدیل ہوتے اور کسی کی جرات نہ ہوتی کہ وہ عدلیہ کیخلاف بات کرتا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ذمہ داران اور کارکنوں کی طرف سے کی گئی امدادی سرگرمیوں پر بھی گفتگو کی۔ جس پر امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے ذمہ داران اور کارکنوں کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔