ویب ڈیسک :یورپی یونین نے پاکستان کیلئے 10 کروڑ یورو گرانٹ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 5 مختلف معاہدوں پر دستخط کر دیئے گئے۔یورپی یونین کی جانب سے 10 کروڑ یورو (تقریباً 30 ارب روپے کے مساوی رقم) 2022ء میں آنیوالے سیلاب سے تباہ شدہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے فریم ورک کے تحت فراہم کی جائے گی۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان گرانٹ کے 5 مختلف معاہدوں پر دستخط کردیئے گئے، پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا اور سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے دستخط کئے۔اعلامیے کے مطابق پاکستان کو 30 ارب روپے کے مساوی فنڈز ملیں گے، یہ معاہدے 2022ء کے بعد سیلاب سے تباہ شدہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے فریم ورک کا حصہ ہیں۔
یورپی یونین کے نئے سپورٹ پیکیج کا مقصد سیلاب کے بعد پاکستان کی استعداد کار کو مضبوط کرنا ہے، یہ رقم ملنے سے 2022ء کے سیلاب کیلئے مجموعی فنڈ 93 کروڑ یورو سے زیادہ ہوجائے گا۔یورپی یونین سے ملنے والی رقم کے استعمال میں خیبرپختونخوا میں دیہی معیشت کو بحال کرنا اور سیلاب سے متاثرہ بلوچستان میں مویشیوں کی افزائش شامل ہے، یہ سرگرمیاں وسیع ای یو گلوبل گیٹ وے اقدام کے ساتھ مطابقت رکھتی ہیں جو یورپی یونین کا سب سے بڑا سرمایہ کاری پروگرام ہے۔
یورپی یونین کا مالی پیکیج انسانی حقوق، صنفی مساوات اور سول سوسائٹی میں سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کی طویل مدتی معاشی کارکردگی کو مضبوط بنائے گا۔