ویب ڈیسک :بیوروکریٹ بیوی کی جانب سے پینشن، بینک اکاؤنٹ اور انشورنس کا بینیفشری نامزد نہ کرنے پر شوہر نے بیوی کو قتل کر ڈالا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع دندوری کی تحصیل شاہ پورہ میں تعینات سب ڈویژنل میجسٹریٹ نیشا نپت کو ان کے گھر میں قتل کردیا گیا، مقتولہ کی بہن نیلما نپت نے اپنے بیروزگار بہنوئی منیش شرما پر قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ متقولہ سے پیسے مانگتا تھا اور نہ دینے پر اسے تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔
نیلما نپت نے پولیس کو دیئے گئے اپنے بیان میں کہا کہ وہ نیشا کو پیسوں کے لیے ہراساں کرتا تھا، میری بہن کو کوئی بیماری نہیں تھی، منیش نے ہی اسے مارا ہوگا، نشا کے مرنے کے بعد منیش نے کسی کو بھی اس کے کمرے میں جانے نہیں دیا۔گھر کی تلاشی کے دوران پولیس کو مقتولہ کے گھر کی واشنگ مشین سے مقتولہ کے کپڑے، تکیے کا غلاف اور بستر کی چادر بھی ملی، انہیں دھویا گیا تھا مگر بغور دیکھنے پر ان پر داغ محسوس کیے جاسکتے تھے جو مبینہ طور پر خون کے تھے۔
پولیس نے 45 سالہ ملزم کے کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ہے۔نیلما نپت نے پولیس کو بتایا کہ نیشا اور منیش شرما کی شادی 2020 میں ہوئی تھی، یہ شادی اس کی بہن نے خفیہ طور پر کی تھی اور گھر والوں کو اس نے شادی کے کئی ماہ بعد آگاہ کیا تھا۔
گذشتہ اتوار کو سہ پہر چار بچے منیش شرما اپنی بیوی کو لے کر اسپتال پہنچا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اسے مُردہ قرار دے دیا۔ بیوروکریٹ کی موت کی اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچ گئی۔پولیس کے سامنے منیش شرمانے بیوی کی موت کی طبعی قرار دیا اور کہا کہ وہ گردوں کے مرض میں مبتلا تھی جس کی وجہ سے اس کی جان چلی گئی، تاہم نیلما نے اپنے بہنوئی کی باتوں پر یقین کرنے سے انکار کردیا۔