اس مرتبہ ہم نے ہر صورت پنجاب میں بیٹھنا ہے ، آصف علی زرداری

Jan 29, 2024 | 20:44 PM

ویب ڈیسک : پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ لاڈلے ہوتے ہیں اور جب لاڈلے نہیں ہوتے تو اقتدار سے نکل جاتے ہیں۔ اس مرتبہ ہمیں ہر حال میں پنجاب میں حکومت بنانی ہے ۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ الیکشن میں ایک دوسرے پر تنقید جائز ہے، بلاول بھٹو مسلم لیگ ن مخالف ووٹ کو اپنی طرف کھینچنے کی طرف کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کا ہدف پنجاب ہے اور اس بار تو ہم پنجاب میں ضرور بیٹھیں گے کیونکہ یہاں احساس محرومی ہے مگر لوگوں کو نظر نہیں آتا۔ بینظیر بھٹو کے دور سے ہمیں پنجاب سے نکالنے کی کوشش کی گئی۔

آصف زرداری نے کہاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی بڑی پارٹیاں بن کر سامنے آئیں گی، تحریک انصاف اب ایک سائیڈ شو ہی رہے گی۔سابق صدر ممملکت نے کہاکہ تحریک انصاف نہ تحریک ہے نہ فلاسفی، یہ بدتمیزی کا ڈراما ہے۔ بہت سے لوگ جو تحریک انصاف میں چلے گئے تھے وہ پیپلزپارٹی میں واپس آنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی پورے ملک سے اچھے نتائج دے گی، کراچی میں اگر کچھ رکاوٹیں نہ ہوں تو پورے کراچی کی نشستیں ہم جیت سکتے ہیں۔آصف زرداری نے کہاکہ اگر لطیف کھوسہ جیت گئے تو مجھے بہت حیرت ہوگی۔سابق صدر نے کہاکہ شہباز شریف کو میں نے وزیراعظم بنوایا مگر یہ لکیر کے فقیر ہیں، آؤٹ آف باکس نہیں سوچتے۔ بلاول بھٹو کے لیے وزارت خارجہ کا تجربہ چاہیے تھا، اب اسے وزیراعظم دیکھنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ بلوچوں کو بڑے پیار سے سنبھالنا پڑے گا، لاپتا افراد کا معاملہ بھی ہم حل کر لیں گے، اس کے علاوہ معاشی مشکلات کا حل بھی نکل آئے گا کیونکہ جب آپ حکومت میں ہوتے ہیں تو فری ہینڈ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام جماعتوں کو کہا تھا الیکشن کا بائیکارٹ نہ کریں اور اسمبلی میں بیٹھیں، تمام سیاسی جماعتوں نے عدم اعتماد میں حصہ ڈالا، شائد پیپلز پارٹی کا زیادہ تھا، پارٹی اور بلاول کی خواہش تھی کہ وزارتوں سے استعفیٰ دے دیں۔انکا کہنا تھا کہ میں بلاول بھٹو کو وزیراعظم دیکھنا چاہتا ہوں، بلاول کیلئے وزارت خارجہ کا تجربہ چاہیے تھا۔

مزیدخبریں