ویب ڈیسک :اردن میں 3امریکی فوجیوں کی ہلاکت پرایران نے ڈرون حملے سے مکمل طورپر لاتعلقی کااظہارکردیا۔
امریکی صدر جوبائیڈن اور برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے اردن ڈرون حملے میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے پر ایران پر حملے کا الزام عائد کیا تھا۔
تاہم ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہےکہ ایرانی حکام نے اس حملے سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جیسا کہ ہم پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ خطے میں موجود مزاحمتی گروپس صیہونی حکومت کے جنگی جرائم اور بچوں کے قتل عام کے خلاف کارروائیاں کررہے ہیں، یہ گروپس ایرانی حکومت کی طرف سے کوئی احکامات نہیں لیتے۔
ترجمان نےکہا کہ یہ گروپس اپنے اصولوں، ترجیحات، عوام اور اپنے لوگوں کے مفادات کو دیکھتے ہوئے ردعمل دیتے ہیں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کا کہنا ہےکہ تہران کا اردن میں ہونے والے حملے سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی اس حملے سے متعلق اس کے پاس کچھ ہے۔