ویب ڈیسک : مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیرداخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ جو بھی ووٹ مانگنے آئے اس سے پوچھیں ترقیاتی کام کونسے کئے ہیں ؟
تفصیلات کےمطابق حلقہ این اے 54،53 اور پی پی 10 سے آزاد امیدوار چودھری نثار علی خان نے کہا ملک مشکل ترین دور سے گزررہا ہے۔اڈیالہ روڈ پر انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی 54 سال سے میرا دوست ہے مگر میں تحریک انصاف میں شامل کیوں نہیں ہوا ابھی نہیں بتا سکتا، بتایا تو بانی پی ٹی آئی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، میں دوست کی مشکلات میں اضافہ نہیں کرنا چاہتا۔
اپنے خطاب میں چوہدری نثار نے مزید کہا مسلم لیگ ن میں پینتیس سال گزارے، بہت سے راز میرے پاس ہیں مگر ان پر تنقید نہیں کرونگا۔اپنے حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ۔ جو لوگ کہتے مسلم لیگ ن نے ترقیاتی کام کروائے تو ان کو بولیں ڈیڑھ سال اب حکومت رہی کوئی ایک اینٹ لگائی ہے تو دکھا دیں ۔ آپ سے جو ووٹ مانگنے آئے اس سے پوچھیں کتنے ترقیاتی کام کرائے ہیں۔میں نے اس حلقے کے عوام کی خدمت کی میری اولا د بھی آپ کی خدمت کرے گی۔
ایک اور جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی جماعت میں شامل کرنے کے لیے کافی مرتبہ اصرار کیا، وہ میرا 50 سال سے دوست ہے، اور آج بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں الیکشن کے بعد کسی جماعت میں عزت کے ساتھ جاؤں۔انتخابات 2018 میں کیا ہوا، اس کی وجہ کچھ اور تھی، پھر کبھی بتاؤں گا۔چودھری نثار نے مزید کہا کہ عمران نے کسی کو پارٹی میں شامل کرنے کی اتنی کوشش نہیں کی جتنی میرے لیے کی۔