بے قصور تھا،الحمداللہ سرخروہوکرعوام میں ہوں،نوازشریف 

Jan 29, 2024 | 17:42 PM

ویب ڈیسک :سابق وزیراعظم نوازشریف کاکہنا ہے کہ کیسز میں بے قصور تھا،الحمداللہ سرخروہوکرعوام کے سامنے کھڑا ہوں۔

سابق وزیراعظم نوازشریف  اور مریم نواز کا اپنے حلقے این اے 130آمد پرکارکنوں کی جانب بھرپوراستقبال،شاندار آتش بازی بھی کی گئی۔

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا این اے 130میں کارکنوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے اپنی بہن بھائیوں کی بھرپورخدمت  کی ہے، اگر میں نے کچھ نہ کیا ہوتا تو آپ مجھ سے اس طرح عشق نہ کر رہے ہوتے۔ آپ بھی جانتے ہیں نواز شریف بے قصور تھا، سزائیں دینے والے ایک ایک کر کے رخصت ہو گئے، چند ماہ بعد چیف جسٹس بننے والا جج بھی چلا گیا، وہ کیوں چلا گیا کیونکہ دال میں کچھ کالا تھا۔
نوازشریف نے کہا کہ وہ ( جج )  میرے کیسوں پر مانیٹرنگ جج بن کے بیٹھا ہوا تھا، اب وہ استعفے دے چکا ہے اور نواز شریف آپ کے سامنے کھڑا ہے۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ میں آپ کے لیے وہ سب کچھ کروں جس کی آپ مجھ سے توقع کرتے ہیں، پہلے بھی میں نے خلوص کے ساتھ کوشش کی اور آئندہ بھی کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سوال ہے کہ نواز شریف تھا تو گھروں میں سکون تھا، مہنگائی کا کوئی نام و نشان نہیں تھا، ہر چیز سستی تھی، آج روٹی 20 اور نان 25 سے 30 روپے کا ہو چکا ہے۔
نوازشریف نے استفسار کیا کہ اس زمانے کو کون کہاں لے گیا، اس زمانے کو واپس لانا ہے، آپ کے گھروں کو دوبارہ بسانا ہے، نوجوانوں کو روزگار دینا ہے اور ان کے باعزت مستقبل کو سنوارنا ہے، سبز پاسپورٹ کی عزت بحال کروانی ہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کاکہنا تھا کہ اگر میری چھٹی نہ کروائی جاتی تو کوئی بےروزگار نہ ہوتا، ہم بہت پیچھے رہ گئے  ہیں، ہم نے بہت زخم کھائے ہیں۔آپ نے مسلم لیگ ن کا ساتھ دینا  ہے، ہم اس ملک و قوم کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے اور یہ دنیا کی خوشحال ترین قوم بنے گی۔

مزیدخبریں