ویب ڈیسک:آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت نے سائفر کیس نہ سننے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی ۔
آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے سابق وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سائفر کیس کے اہم گواہ اعظم خان پر اسٹیٹ ڈیفنس کونسل نے جرح مکمل کرلی۔
آج کیس کے اہم گواہ اعظم خان پر اسٹیٹ ڈیفنس کونسل نے جرح مکمل کی، اس دوران شاہ محمود قریشی نے کونسلز پر اعتراض کیا۔
جج ابوالحسنات نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین سے کہا کہ آپ خاموشی سے بیٹھ جائیں ورنہ کمرہ عدالت سے باہر نکل دیا جائے گا۔
سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت کے جج پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔
عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے اپنی درخواست میں کہا کہ عدالت سائفر کیس کو نہ سنے جبکہ عدالت نے دلائل سننے کے بعد سائفر کیس نہ سننے کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ موجودہ حالات میں عدالت کے ساتھ چلنا مشکل ہو گیا ہے، ہم عدالت سے کہتے رہے کہ احتیاط سے چلیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2 مرتبہ ٹرائل کو کالعدم قرار دیا، ہم اس کے باوجود تیسری مرتبہ بھی عدالت کے سامنے آگئے، سیکرٹ گرفتاری اور سیکرٹ ریمانڈ بھی دیا گیا ہم نے تب بھی اعتراض نہیں کیا، ہمیں معلوم نہیں کہ عدالت جلدی کیوں کر رہی ہے۔
سائفر کیس،عمران خان ،شاہ محمود قریشی کی جج پرعدم اعتماد کی درخواست مسترد
Jan 29, 2024 | 12:52 PM