ویب ڈیسک: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے طیبہ گل کی جانب سے سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کے خلاف ہتک عزت کا فوجداری کیس قابل سماعت قرار دے دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج محمد سہیل نے طیبہ گل کی درخواست منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔
15 فروری کو سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کو عدالت نے ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
عدالت نے کہا کہ ایس ایس پی رپورٹ کے مطابق شہزاد سلیم کے خلاف فوجداری کارروائی کرنے کا ثبوت نہیں ملا، وکیل صفائی کے مطابق شہزاد سلیم نے میڈیا پر ادا کیے گئے الفاظ کی تردید نہیں کی، شہزاد سلیم نے الزامات کو بڑھا چڑھا کر بیان کرنا قرار دیا لیکن تردید نہیں کی۔
ایس ایس پی کی رپورٹ کے مطابق بھی شہزاد سلیم نے طیبہ گل کے خلاف اپنے بیان کی تردید نہیں کی، بادی النظر میں شہزاد سلیم کے خلاف ہتک عزت کی دفعات کے تحت کیس بنتا ہے۔
واضح رہے کہ شہزاد سلیم کی جانب سے میڈیا پر ہتک آمیز الزامات لگانے پر طیبہ گل نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔