ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں ریکارڈ اضافہ کردیا، تفصیلات منظر عام پر

 ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں ریکارڈ اضافہ کردیا، تفصیلات منظر عام پر

ایک نیوز:  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں خودساختہ اضافے کا اعلان کردیا جس کی تفصیلات ایک نیوز سامنے لے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن کا ہنگامی اجلاس  ہوا جس میں  پٹرول  و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار  کیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق ہوا کہ ہم  حکومت کا انتظار نہیں کریں گے، ازخود کرائے بڑھائیں گے ۔جس کے بعد  ٹرانسپورٹرز کی جانب سے خودساختہ اضافے کا اعلان کردیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 500 روپے کا بڑا اضافہ کیا ہے جبکہ انٹر سٹی روٹس پر لاہور سے راولپنڈی کا کرایہ 2 ہزار 200 سے 2 ہزار 450 روپے کر دیا گیا، لاہور سے پشاور کا کرایہ 2500 سے بڑھا کر 3000، لاہور سے فیصل آباد 980 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار 130، لاہور سے سرگودھا 1050 سے 12000، لاہور سے سیالکوٹ 800 سے بڑھا کر کرایہ 900 روپے کر دیا گیا۔ لاہور سے بہاولپور کا کرایہ اب 2400 روپے وصول کیا جائے گا، لاہور سے مری کا کرایہ بڑھا کر 2700 روپے کر دیا گیا، لاہور سے حیدرآباد کرایہ 7 ہزار تک پہنچ گیا، لاہور سے کراچی کرایہ 6700 روپے سے بڑھا کر 7100 روپے کر دیا گیا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ  ہر 10 کلومیٹر فاصلے پر 10 روپے بڑھائے گئے ہیں۔  پیٹرول و ڈیزل کی وجہ سے تمام اسپیر پارٹس، ٹائر، موبائل آئل کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔

ٹرانسپورٹرز نے اعلان کیا کہ اگر انتظامیہ نے کرائے نہ بڑھانے دئیے تو گاڑیاں کھڑی کر دیں گے۔  مہنگائی کے اثرات سے پہلے ہی ٹرانسپورٹرز تنگ ہیں۔  کل بلوچستان، سندھ اور کے پی کے والے کرائے بڑھا دیں گے۔

دوسری جانب  عوام نے کرایوں میں خود ساختہ اضافے پر حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔