فوادچودھری پر تشدد کا معاملہ، عدالت نے بڑا حکم دے دیا

Jan 29, 2023 | 18:16 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز: اسلام آباد کی مقامی عدالت نے فواد چودھری پر تشدد کے خدشے پیش نظر کل تک طبی معائنے کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فواد چودھری پر جسمانی ریمانڈ کے دوران تشدد کے خدشے کے پیش نظر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست فواد چودھری کے وکلا نے دائر کی ہے جس میں ان کے طبی معائنے کی استدعا کی گئی ہے۔ یہ درخواست ڈیوٹی مجسٹریٹ راجہ وقاص کی عدالت میں درخواست جمع کروائی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود فواد چودھری کا طبی معائنہ نہیں کروایا گیا، خدشہ ہے فواد چودھری کو تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا، فواد چودھری کا طبی معائنہ نہایت ضروری ہے، طبی معائنہ یقینی بنایا جائے تاکہ فواد چودھری کے بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو۔

بعدازاں درخواست پر سماعت ہوئی جس کے بعد ڈیوٹی مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے فواد چوہدری کا طبی معائنہ کرانے کا حکم دیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ کوہسار سے فواد چوہدری کے طبی معائنہ کی رپورٹ کل تک طلب کرلی۔

عدالت نے اپنے عملے کو آج ہی ایس ایچ او کوہسار کو عدالتی آرڈر ارسال کرنے کی ہدایت کی۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جس طرح فواد چوہدری کو ہتھکڑیوں میں جکڑ کر اور سر و چہرہ ڈھانپ کر ایک دہشت گرد کی طرح عدالت میں پیش کیا جارہا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امپورٹڈ حکومت اور ریاست گراوٹ کی کِن گہرائیوں میں اتر چکے ہیں۔

مزیدخبریں