ایک نیوز: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان اور ٹرانسپورٹرز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں حالیہ اضافے کو مسترد کر دیا۔
تفصیلات کےمطابق تنظیم تاجران پاکستان کےصدرکاشف چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں35 روپےفی لیٹراضافہ یکسرمسترد کرتےہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا مزید طوفان آئےگا، مہنگائی نے عوام کےلیے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے۔
کاشف چودھری نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔
اس کے علاوہ رکن سندھ اسمبلی و صدرپاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 ،35 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے، تمام ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، امپورٹڈ حکومت کی پالیسیاں پاکستان کو بربادی کے دہانے پر لے آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہےکہ حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلا جائے، امپورٹڈ حکومت کی ترجیحات عوام دشمن پالیسیاں بنانا ہے، پانی ناک سے اوپر چلا گیا ہے، اب ٹرانسپورٹرز سڑکوں پر آ رہے ہیں، ہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔
ادھر مرکزی تنظیم تاجران خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری ظاہر شاہ کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئےگا، حکومت پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ واپس لے۔
دوسری جانب پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں بند پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی ہے۔
ڈی سی پشاور کے مطابق پیٹرول کی فراہمی روکنے پرفلنگ اسٹیشنزکے8 مینیجرز کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نےفلنگ اسٹیشنوں پر پیٹرول اورڈیزل کی فراہمی بحال کرا دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے افسران کو فلنگ اسٹیشنوں کا مسلسل معائنہ کرنےکی ہدایت بھی جاری کی ہے۔