ایک نیوز: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول پر لیوی 50 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل پر فی لیٹر لیوی 40روپے ہوگئی ہے۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈیزل پر لیوی 40 روپے فی لیٹر ہو گئی، مٹی کے تیل پر لیوی 5 روپے 90 پیسے کم کر دی گئی، مٹی کے تیل پر لیوی 32 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ 236 روپے 40 پیسے کے اوسط ڈالر ایکسچینج ریٹ پر کیا گیا ہے، ڈالر اوسط ایکسچینج ریٹ 16 جنوری سے 27 جنوری تک لیا گیا ہے۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کا یہ بھی کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل و دیگر مصنوعات 11 فیصد تک مہنگی ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ چھٹی کے روز حکومت نے عوام کو سرپرائز دیتے ہوئے غیر متوقع طور پر وقت سے پہلے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35،35روپے فی لیٹراضافہ کردیا ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کی خبریں سامنے آئیں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 11 فیصد تک کا اضافہ ہوا، ہمیں ان سب چیزوں کو سامنے رکھنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر تک اضافے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، پچھلے 4 ماہ میں ایک بار بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کو نہیں بڑھایا گیا بلکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 20 روپے تک کی کمی کی گئی جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 29 اور 30 روپے کی کمی کی گئی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اوگرا کی جانب سے تجویز پیش کی گئی تھی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کو ختم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ روپے کی قدر کے اعداد و شمار کو مد نظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 18، 18 روپے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان آج 29 جنوری بروز اتوارصبح 11 بجے سے ہو گا۔