ایک نیوز:چھٹی کے روز حکومت کا عوام کو ایک اور سرپرائز،پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35،35روپے فی لیٹراضافہ کر دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کی خبریں سامنے آئیں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 11 فیصد تک کا اضافہ ہوا، ہمیں ان سب چیزوں کو سامنے رکھنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر تک اضافے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، پچھلے 4 ماہ میں ایک بار بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کو نہیں بڑھایا گیا بلکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 20 روپے تک کی کمی کی گئی جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 29 اور 30 روپے کی کمی کی گئی۔
یہ پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ،کئی شہروں میں پٹرول نایاب
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اوگرا کی جانب سے تجویز پیش کی گئی تھی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کو ختم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ روپے کی قدر کے اعداد و شمار کو مد نظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 18، 18 روپے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا۔