ایک نیوز: بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں جاگری ، جس کے نتیجے میں41افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی آرہی تھی ، کھائی میں گرنے کے بعد مسافر کوچ میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں41افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ 3زخمی ہیں، امدادی کارروائیوں کے دوران 39 لاشیں برآمد کرکے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔حادثے کی اطلاع پر فائربریگیڈ گاڑیوں اور ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر کوچ میں 40 سے زائد مسافر سوار تھے۔امدادی کارروائیوں کیلئے فائربریگیڈ اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔تاہم شہری علاقے سے دور ہونے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں تاخیر ہوئی۔
اسسٹنٹ کمشنر بیلہ نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں 41افراد جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ کوچ سے 39 مسافروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ کوچ میں 40 سے زائد مسافر سوار تھے اور یہ کوئٹہ سے کراچی آ رہی تھی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال بیلہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ زیادہ تر زخمی جھلسے ہوئے ہیں تاہم مقامی اسپتال میں برنس وارڈ نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں کراچی سول اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر بیلہ کا کہنا ہے کہ لاشوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔ریسکیو کا عمل ایک گھنٹے میں مکمل کر لیا جائے گا۔