نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پٹرول کی قلت کا نوٹس

Jan 29, 2023 | 05:51 AM

ایک نیوز :کے پی کے سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں پٹرول کی قلت پیدا ہوگئی جس پرنگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے سخت نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کےمطابق ملک  کے مختلف شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت ہوگئی، ذرائع کےمطابق  صرف 20 فیصد پیٹرول پمپس پر  پیٹرولیم مصنوعات دستیاب ہیں۔ شہریوں نےشکایت کرتے ہوئے بتایا کہ اکثر جگہ تو پٹرول مل نہیں رہا جہاں مل رہا ہے وہاں پر بھی 500یا ہزار سے زائد نہیں دیا جارہا ۔   پیٹرول پمپس پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

پیٹرول پمپ مالکان کے مطابق  پیٹرولیم مصنوعات کم آرہی ہیں جس کی وجہ سے سپلائی متاثر ہے۔تاہم اس معاملے پر متعلقہ حکام کا ردعمل فی الحال سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی افواہوں کےبعد خیبرپختونخوا میں تیل کی قلت پیدا ہو گئی جس کا نگراں وزیر اعلی محمد اعظم خان نے نوٹس لے لیا۔نگراں وزیر اعلی محمد اعظم خان نے ہدایت کی کہ عوام کیلئے تکلیف کا باعث بننے والے عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے، انہوں نےمعاملے پر چیف سیکرٹری کو صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز سے رپورٹ طلب کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔

نگراں وزیر اعلی نے کہا کہ صوبہ بھر کے پیٹرول پمپس میں صارفین کو پٹرول کی ہمہ وقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

واضح رہے گزشتہ دو روز میں ڈالر کی قیمت میں بے تحاشہ اضافے کے بعد سے تیل کی قیمتیں بڑھنے سے متعلق بھی خبریں زیر گردش کرنے لگیں جس کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں پمپ مالکان نے پٹرول کی فروخت کم کر دی جبکہ صارفین کو تیل کے حصول میں دشواری کا سامنا رہا۔

مزیدخبریں