ارکان قومی اسمبلی نے حلف اٹھالیا،سنی اتحاد کونسل کا سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج

Feb 29, 2024 | 11:11 AM

ایک نیوز :قومی اسمبلی کے اجلاس میں نومنتحب ارکان قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا ،اجلاس شروع ہوتے ہی سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے  سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا  اور بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے بازی کی ۔

تفصیلات کےمطابق قومی اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ تاخیرسے شروع ہوا ، نو منتخب ارکان  اسمبلی کی بڑی تعداد ایوان میں پہنچی ،نواز شریف شہباز شریف بلاول بھٹو سمیت دیگر پارٹیوں کی قیادت پارلیمنٹ ہاؤس میں پہنچی ،نومتنخب ارکان قومی اسمبلی نے حلف اٹھالیا ، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے ارکان قومی اسمبلی سے حلف لیا ۔ اجلاس شروع ہونے سے قبل ہی سنی اتحاد کونسل کے ارکان قومی اسمبلی نے سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا ۔سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے ہاتھ میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے درج تھے۔ دوسری جانب ن لیگی اراکین نواز شریف کی نشست کے گرد جمع ہوگئے اور انہوں نے نوازشریف کے حق میں نعرے بازی کی ۔

حلف برداری کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے نو منتخب ارکان کو مبارکبادی ، ارکان اسمبلی نے اسمبلی رول آف سائن پر دستخط کئے۔سنی اتحاد کونسل  اور لیگی ارکان نے ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی کی ،سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے آئی آئی پی ٹی آئی کے نعرے لگائے جبکہ گیلریز میں بیٹھے افراد نے بھی  نعرے بازی کی ، 

ن لیگ اراکین نے گھڑی چور اور دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا کے نعرےلگائے ۔ اپوزیشن نے  چور آیا کے نعرےلگادیئے،سپیکر نے گیلری میں بیٹھے افراد کو نعرہ بازی پر ایوان سے باہر نکالنے کی ہدایت کردی۔

بیرسٹر گوہر

تحریک انصاف کے چیئر مین بیرسٹر گوہر نے اجلاس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  کسی کا مینڈیٹ چوری کر کے پارلیمان میں نہیں آنا چاہیے، پارلیمان میں صرف وہ لوگ جائیں جو لوگوں کے مینڈیٹ پرآئے ہیں۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ ففتھ جنریشن والی رگنگ ہوئی ہے۔

عبدالعلیم خان

پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر میڈیا سے گفتگو میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ دعا کریں اسمبلی عوام کی امیدوں پر پورا اتر سکے اور  مشکل وقت میں عوام کے لیے ریلیف کا بندوبست کرسکیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتاہوں،کوششیں ہوگی کہ پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرسکوں۔ مزید کہا کہ تحریک انصاف کے پاس ایک صوبائی اسمبلی موجود ہے، تحریک انصاف کو چاہئے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی بہتری کیلئے کردار ادا کریں۔

عطاتارڑ

مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اور نو منتخب ممبر قومی اسمبلی عطاء تارڑ نے تقریب حلف برداری سے قبل کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں نواز شریف اور شہباز شریف دونوں ہی حلف اٹھائیں گے۔ آج نوازشریف اور شہبازشریف دونوں ہی حلف اٹھائیں گے، 5 سال کا مینڈیٹ ملا ہے ، ملک کے چیلنجز سے مل کر نمٹنا ہے، مہنگائی ، بیروزگاری اور معاشی مشکلات حل کرنا ترجیح ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالف میدان میں ہیں اور آئی ایم ایف کو خط بھی لکھ دیا ہے، کاش وہ آئی ایم ایف کو یہ بھی بتاتے کہ میں کرپشن کرنے پر جیل میں ہوں، امریکی سازش کی بات کرنے والوں نے امریکی سینیٹروں سے بھی خط لکھوائے۔ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک طرف امریکی سازش کہتے ہیں پھر امریکا سے ہی مدد طلب کرتے ہیں، آئی ایم ایف کو خط جمہوریت کو ڈی ریل اور بحران پیدا کرنے کی کوشش ہے، آئی ایم ایف کو خط والا معاملہ پہلے بھی ہوچکا ہے، یہ قابل مذمت فعل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو خط ملکی مفاد کیخلاف اور ذاتی انا کی تسکین کیلئے لکھا گیا، کابینہ میں کس کو لینا ہے یہ فیصلہ پارٹی قیادت  کرے گی۔

نواز شریف

قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کے موقع پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کوخط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے، کوئی سیاسی جماعت یا فرد ایسا خط نہیں لکھ سکتا، آئی ایم ایف کو جنہوں نے خط لکھا یہ ان کا وطیرہ ہے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ کوئی اور شخص ایسا نہیں کرسکتا جو بانی پی ٹی آئی نے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو خط لکھا نتیجہ خود ہی اخذ کرلیں۔

شہباز شریف

مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط ایک اور ملک دشمنی ہے، سائفر کے بعد یہ تحریک انصاف کی ملک دشمنی کا ایک اور ثبوت ہے، اب کسی کو شک نہیں رہنا چاہئے کہ بانی پی ٹی آئی ملک کی تباہی چاہتے ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت فعل ہے، کوئی بھی پاکستانی سایسی اختلافات کے باوجود کبھی ملک دشمنی نہیں کرتا۔

حمزہ شہباز

مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آج جمہوریت جیت گئی، جمہوریت کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کو شکست ہوئی۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ 9 مئی کی طرح معیشت کو بھی آگ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، 9 مئی کی طرح یہ کوشش بھی ناکام ہوگی۔

حنا ربانی کھر

پیپلز پارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ آج چوتھی مرتبہ رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے جارہی ہوں، جمہوری نظام کو جمہوری طریقے سے آگے چلانا ہے۔

یوسف رضا گیلانی

پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ نشست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی آج بطور رکن قومی اسمبلی حلف اٹھانے جارہا ہوں، مجھے آئندہ حکومت میں کیا ذمہ داری ملے گی اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔

عمر ایوب

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم کے لئے نامزد امیدوار عمر ایوب کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس غیر آئینی ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج اسمبلی کا پہلا اجلاس ہے، ہم ایوان میں جاکر حلف اٹھائیں گے اور ایوان میں انتخابی دھاندلی پر بھی آواز اٹھائیں گے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اصل میں آج کا قومی اسملبی کا اجلاس غیر آئینی ہے،  پہلے مخصوص نشستوں پر ارکان کا انتخاب ہونا چاہئے تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ صدر مملکت کا فیصلہ درست تھا،اجلاس نہیں بلایا جاسکتا تھا۔

واضح رہے کہ  قومی اسمبلی کا اجلاس آج 10 بجے طلب کیا گیا تھا ، اجلاس کے پیش نظر ڈی چوک خار دار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا، ڈی چوک گیٹ بند کر دیئے گئے ڈی چوک میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ۔

قومی اسمبلی میں پہلے مرحلہ کی تکمیل کے بعد دوسرے مرحلے میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے ،اگلے مرحلے میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے ایوان کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، دونوں عہدوں کیلئے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی دن 12 بجے سے پہلے جمع کروا سکیں گے۔

 اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن یکم مارچ بروز جمعہ کو ہوگا، وزیراعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 3 مارچ کو جمع ہوں گے جبکہ چار مارچ کو وزیر اعظم کا انتخاب کیا جائے گا۔

مزیدخبریں