ایک نیوز: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ہر جمعہ کے روز خواتین کو خصوصی خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ جو خواتین قومی شناختی کارڈ بنوانا چاہتی ہیں، نادرا ہر ہفتے جمعہ کے روز انہیں خصوصی خدمات مہیا کرے گا۔
ہر جمعہ کے روز، نادرا کے ہر رجسٹریشن سنٹر پر
— NADRA (@NadraPak) December 28, 2023
خواتین کے لئے خصوصی خدمات
ہمارا مستعد اور محنتی عملہ شناختی دستاویزات بنوانے کی کارروائی میں ہر قدم پر آپ کی معاونت کے لئے تیار
آج بروز جمعہ اپنے قریبی نادرا رجسٹریشن سنٹر تشریف لائیں اور ترجیحی خدمات کے ساتھ اپنی رجسٹریشن کرائیں…
پیغام میں نادرا کا مزید کہنا ہے کہ ہمارا محنتی اسٹاف شناختی دستاویزات کی تیاری کے ہر مرحلے پر خواتین کی مدد کرے گا۔ جمعہ کے روز خواتین نادرا سینٹر پہنچیں اور ترجیحی بنیاد پر خصوصی خدمات حاصل کریں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے کلفٹن میں ڈرائیونگ لائسنس برانچ نے الگ کاؤنٹر تعمیر کرتے ہوئے خواتین کو خصوصی خدمات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نادرا نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ڈیجیٹل پاور آف اٹارنی متعارف کرادی جنہیں بیرونِ ملک پاکستانی مشنز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا تھا۔
نادرا نے رواں ماہ کے آغاز میں سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ڈیجیٹل پاور آف اٹارنی کی سروس متعارف کروائی جس کا مقصد پاور آف اٹارنی کے حصول کو آسان بنانا تھا۔
ایسے شہری جو سمندر پار پاکستانیوں کا شناختی کارڈ (نیکوپ) کے حامل ہوں پاکستان میں آن لائن طریقہ کار کے ذریعے کسی بھی شخص کو پاور آف اٹارنی دے سکیں گے۔