پاکستان اور بھارت کےدرمیان ٹیسٹ میچ کے حوالے سے اہم خبر

Dec 29, 2022 | 23:22 PM

ایک نیوز : میلبرن کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں  کی سیریز کی ممکنہ میزبانی پر غورشروع کردیا ۔

تفصیلات کےمطابق غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ  میلبرن کرکٹ کلب کھیل کے روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچ کی ممکنہ میزبانی کے لیے غور کر رہا ہے۔اس حوالےسے ایم سی سی کے چیف ایگزیکٹو اسٹورٹ فاکس نے کہا کہ حالیہ میچ کے دوران ظاہر ہوا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ میچ کے لیے میدان سجانے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ اس میچ کے لیے جو ماحول تھا میں نے کبھی بھی اس طرح کا ماحول نہیں محسوس نہیں کیا۔

اسٹورٹ فاکس نے کہا کہ ہر گیند کے بعد جو شور تھا وہ ناقابل یقین تھا، لہٰذا میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں تین ٹیسٹ میچ بہت اچھے ہوں گے اور میدان ہر بار بھرا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ بات کرکٹ آسٹریلیا کے سامنے رکھی ہے اور میں جانتا ہوں کہ حکومت بھی یہ چاہتی ہے۔اسٹورٹ فاکس نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر اس پیشکش کے لیے زور دیتی رہے گی۔

خیال رہے دوطرفہ کرکٹ معطل ہونے سے 2007 کے بعد سے دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ طویل فارمیٹ کی کرکٹ نہیں کھیلی۔2013 میں بھارت کی طرف سے پاکستان کی دوطرفہ محدود اوورز کی سیریز کی میزبانی کے بعد سے دونوں نے صرف 20 اور 50 اوورز کے ورلڈ کپ اور ایشیا کپ میں ایک دوسرے کے خلاف میدان سجایا تھا۔

مزیدخبریں