ایک نیوز : تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان سے پارٹی سینیٹرز کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
تحریک انصاف کے سیینٹرز نے اعظم سواتی کے حق میں سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق زمان پارک میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سینٹرز نے عمران خان سے ملاقات کی۔ عمران خان نے سینیٹرز کو اعظم سواتی کیس کو اجاگر کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔ پی ٹی آئی نے سینیٹ فلور اور عدلیہ کے سامنے انسانی حقوق سے متعلق معاملات اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، پی ڈی ایم حکومت آئینی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینٹرز کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اعظم سواتی کی گرفتاری کانوٹس لے اور ان سے ملاقات کروائی جائے اور سینیٹ میں انکے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں۔
اس موقع پر سینٹر شہزادہ وسیم کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سیشنز سے اعظم سواتی کے ساتھ جو سلوک ہورہا ہے وہ قابل مذمت ہے ملک میں قانون کے دو واضح اثرات پہلے کبھی نظر نہیں آئے،ایک مفرور کو ضمانت ملتی ہے دوسری طرف اعظم سواتی کا کیس ہے جنکو ابھی تک ضمانت نہیں ملی، قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے اندر باہر اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سینٹر اعجاز احمد چودھری کا کہنا تھا کہ نظام عدل جس پر بہت بڑا سوالیہ نشان بن چکا ہے امید ہے ابھی بھی اس میں باضمیر لوگ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چئیر مین تحریک انصاف عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج جاری رکھیں۔ اور جہاں اعظم سواتی کو رکھا گیا ہے وہاں احتجاج کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے اعظم سواتی کو رہا کیا جائے ۔