ایک نیوز :روس سے تیل اور ایل این جی کی خریداری کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ،روسی وزیر توانائی 19 جنوری کو پاکستان کا دوروزہ دورہ کریں گے۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان اور روس کی وزارت توانائی کے حکام کے درمیان آن لائن اجلاس ہوا۔ اجلاس میں روس سے تیل کی خریداری کے امور پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر روسی تیل خریدنےکے سلسلے میں شپنگ اور انشورنس کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ملکوں کے بین الحکومتی کمیشن کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے پر بھی بات چیت کی گئی۔
روسی وزیر توانائی 19 جنوری کو پاکستان کا دوروزہ دورہ کریں گے، دورے کے دوران تیل کی خریداری سے متعلق امور زیر غور آئیں گے، اس دوران پاک روس بین الحکومتی کمیشن کااجلاس 19 اور 20 جنوری کو ہوگا۔