راجہ پرویز اشرف کا اجتماعی استعفوں کی تصدیق سے انکار، اسمبلی واپسی کی دعوت دیدی

Dec 29, 2022 | 11:30 AM

ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے معاملے میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ 

اسد قیصر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرنے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچا ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے اجتماعی استعفوں کی تصدیق سے انکار کردیا ہے۔اس کے ساتھ  ہی تحریک انصاف کی اجتماعی استعفوں کی منظوری کی درخواست بھی مسترد کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی اراکین کو اسمبلی میں واپسی کی دعوت بھی دی ہے۔ 

دوسری جانب تحریک انصاف کے وفد نے سپیکر سے ملاقات میں مؤقف اختیار کیا کہ ہم نے اجتماعی استعفی دیے کہ ملک میں عام انتخابات کی راہ ہموار کی جائے۔ ہم نے کسی کی انٹرٹینمنٹ کے لیے استعفی نہیں دے کہ ایک ایک کر کے بلایا جائے۔ 

ذرائع کے مطابق وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ پہلے بھی 11 استعفے غیر آئینی طریقے سے مںظور کیے گئے جبکہ جاوید ہاشمی کیس میں سپریم کورٹ استعفی کی منظوری سے متعلق واضح کر چکی ہے۔ استعفی سابق ڈپٹی سپیکر منظور کر چکے ہیں۔ اب استعفوں کی تصدیق کا عمل نہیں معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا ہے۔

قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی سے ایڈیشنل سیکرٹری قانون سازی محمد مشتاق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تحریک انصاف کے استعفوں بارے قانونی نکات پر بریفنگ دی گئی۔ 

دوران بریفنگ بتایا گیا کہ استعفوں کی تصدیق کے لیے اراکین کو انفرادی حیثیت میں طلب کر کے تصدیق کی جا سکتی ہے۔ اراکین اپنی رضا مندی سے مستعفی ہوں تو استعفی منظور کیا جا سکتا ہے۔ کسی دباؤ میں دیا گیا استعفی منظور نہیں کیا جا سکتا۔

مزیدخبریں